Thursday, May 9, 2024

ایل او سی، مسلسل اشتعال انگیزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج

ایل او سی، مسلسل اشتعال انگیزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج
February 15, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) بھارت کی لائن آف کنٹرول پر مسلسل اشتعال انگیزیوں پر بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان نے فائر بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان کے مطابق بھارتی قابض فورسز کی نیزہ پیر، رکھ چکری سیکٹرز میں فائرنگ سے فتح پور گاؤں کی 13 سالہ عابدہ جمال شدید زخمی ہو گئی تھی، بھارت باہمی فائر بندی انتظام کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ رواں سال بھارتی فورسز 287 بار فائر بندی انتظام 2003ء کی خلاف ورزیاں کر چکی، بھارت کی فائربندی کی خلاف ورزیاں، جاری اشتعال انگیزیاں علاقائی امن کیلئے خطرہ ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی فائر بندی کی خلاف ورزیاں کسی بھی تذویراتی غلطی کو جنم دے سکتی ہیں، بھارت ایل او سی پر اشتعال انگیزی کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا،  بھارت فائر بندی معاہدے کا احترام، اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو اپنا کام کرنے دے۔