Tuesday, May 7, 2024

ایل او سی فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج

ایل او سی فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج
December 19, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی انتظام کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ پاکستان نے اقوام متحدہ فوجی مبصرین پر حملے پر احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کے مطابق بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ خوش قسمتی سے بھارتی فائرنگ میں اقوام متحدہ کے دونوں اہلکار محفوظ رہے۔ اقوام متحدہ کی گاڑی کو بھارتی فائرنگ سے نقصان پہنچا۔

ترجمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اہلکار بھارتی فائرنگ کا نشانہ بننے والوں سے ملاقات کرنے پولاس گاؤں جا رہے تھے۔ پاک آرمی نے اقوام متحدہ فوجی مبصرین کو علاقے سے بحفاظت راولاکوٹ منتقل کر دیا ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ گاڑی پر فائرنگ کرکے فائر بندی انتظام کی شدید خلاف ورزی کی ہے ۔ بھارت نے کھلے عام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز بدستور انتہائی گمراہ کن سوچ کیساتھ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارت نے اپنے مذموم عزائم کے تحت ہی اقوام متحدہ امن اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ مزید کہا کہ بھارتی فوج کا اقدام اقوام متحدہ چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ فوجی مبصرین پوری تندہی سے اپنی خدمات احسن انداز سے انجام دے رہے ہیں۔

زاہد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے، اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر فعال کیا جائے۔