Thursday, April 25, 2024

ایل او سی فائرنگ، بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج

ایل او سی فائرنگ، بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج
July 13, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) بھارتی قابض فورسز کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی پے در پے خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارت کو شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ بھارتی سینئر سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے 12 جولائی کو ایل او سی کے رکھ چکری اور کھوئی رٹہ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 6 شہری شدید زخمی ہوئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز لائن آف کنٹرول، ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل نہتی شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، رواں برس بھارت نے فائر بندی انتظام کی 1659 بار خلاف ورزیاں کیں، بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 14 معصوم شہری شہید، 129 زخمی ہوئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارت کی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے، بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، بھارت 2003ء کے فائر بندی انتظام کی پاسداری کرے، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے، اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔