Wednesday, April 24, 2024

ایف بی آر کی جگہ پاکستان ریونیو اتھارٹی کے قیام کا منصوبہ موخر

ایف بی آر کی جگہ پاکستان ریونیو اتھارٹی کے قیام کا منصوبہ موخر
November 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ایف بی آر کی دھمکی کام کرگئی ، حکومت نے ایف بی آر کی جگہ پاکستان ریونیو اتھارٹی کے قیام کا منصوبہ موخر کردیا، مشیر خزانہ اور چیئرمین فیڈرل برانچ آف ریونیو نے وزیراعظم کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ ٹیکس مشینری میں اسٹیٹس کو توڑنے کے پلان کی راہ میں پہلی اہم رکاوٹ سامنے آگئی ، ایف بی آر افسران کی ہڑتال کی دھمکی کے آگے حکومت بے بس ہو گئی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جگہ پاکستان ریونیو اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ موخر کرنا پڑگیا۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ ایف بی آر کے اعلیٰ افسران نے چیئرمین شبر زیدی سے ملاقات کی اور وزیراعظم کی پاکستان ریونیو اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز کی مخالفت کردی۔ افسران نے چیئرمین کو ایک پریزینٹیشن بھی دی جس میں آسامیاں ختم کرنے کے بعد افسران کو متبادل پوسٹنگ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ریونیو اتھارٹی کے قیام سے ٹیکس مشینری کا اجارہ دارانہ کردار ختم ہوجائے گا ، بہت سی پوسٹیں بھی ختم ہوجائیں گی جن میں 21 گریڈ کے چیف کمشنر کی پوسٹ بھی شامل ہیں ، جنہیں بہت پُرکشش سمجھا جاتا ہے۔ اس منصوبے میں ملک گیر سروے، اشیا و خدمات پر وفاقی اور صوبائی جنرل سیلز ٹیکس کو پی آر اے کے تحت لانا اور ویلیوایڈڈ ٹیکس کا نفاذ شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب فوری طور پر ایف بی آر کو پاکستان ریونیو اتھارٹی میں بدلنے کا پلان نافذ العمل نہیں ہوگا ، مشیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر وزیراعظم سے ملاقات کرکے انہیں بریفنگ دیں گے۔