Monday, May 13, 2024

ایف بی آر کے 9 افسران کے خلاف کارروائی ، چارج شیٹ کردیاگیا

ایف بی آر کے 9 افسران کے خلاف کارروائی ، چارج شیٹ کردیاگیا
January 19, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) کرپشن ، اختیارات کے ناجائز استعمال ، غیر قانونی اثاثہ جات  سمیت دیگر الزامات میں ایف بی آر کے 9 افسران کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ، چارج شیٹ کردیاگیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایف بی آر افسران کیخلاف کرپشن الزامات پر بڑی کارروائی  ہو گئی ، گریڈ 21 کے 2، گریڈ 20 کے 2 اور گریڈ 19 کے 5 افسران کو چارج شیٹ کردیاگیا ۔ گریڈ 21 کی خاتون افسر مس شاہ بانو خان ڈی جی سروے کو چارج شیٹ کیا گیا ہے  ، ایف بی آر کےمطابق خاتون افسرکے خلاف 29 نومبر 2019 کو انکوائری شروع ہوئی ،  ان پر غیر قانونی طور پر انکم ٹیکس ریفنڈز کی منظوری دینے کا الزام لگایا گیا۔ گریڈ 21 کے ممبر ایف بی آر ہیڈکوارٹرز محمد شریف اعوان کو بھی چارج شیٹ کیا گیا ، ان کے خلاف  29 نومبر2019 کو انکوائری کی منظوری دی گئی ،ان پر کرپشن اور ظاہر کئے گئے اثاثہ جات میں تضاد کا الزام ہے۔ گریڈ 20 کے ڈائریکٹرکراچی بشارت احمد قریشی  کےخلاف  14نومبر 2019 کو انکوائری کا فیصلہ کیا گیاانھیں پاک عرب فرٹیلائزر اور فاطمہ فرٹیلائزر کے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی مانیٹرنگ میں غفلت برتنے کے الزامات میں برطرف کیاگیا ۔ گریڈ 20 کے ان لینڈ ریونیو سروس کے چیف سیلز ٹیکس جبران مسرور کےخلاف یکم جولائی 2019 کو انکوائری شروع ہوئی ،انھوں نے ویلیو ایشن کمیٹی ممبر کی حیثیت سے اورئینٹ الیکٹرانکس کو لاہور ہائی کورٹ میں بے گناہ ظاہر کرنے کی کوشش کی  تھی۔ ڈپٹی کمشنر ان لیند ریونیو سروس ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد جواہر علی شاہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرایڈمن ریجنل ٹیکس آفس کراچی علی اکبر تونیو ، اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو سروس چوہدری خرم عزیز، اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو سروس سرگودھا قاسم رضا چدھڑ، سینئر آڈیٹر کارپوریٹ ریجن ریجنل ٹیکس آفس لاہور کاشف نصیر ، چیف کمشنر انکم ٹیکس انکوائری آفیسر عمر جہانگیر احمد ، اپریزنگ آفیسرز محمد راحیل ، محمد ادریس ، ملک شاد بہار اور ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ ویسٹ کراچی  محمد نسیم بٹ کوبھی چارج شیٹ کیاگیا ہے۔