Tuesday, April 23, 2024

ایف بی آر کا بے نامی جائیداد کی اطلاع فراہم کرنے پر انعام کا اعلان

ایف بی آر کا بے نامی جائیداد کی اطلاع فراہم کرنے پر انعام کا اعلان
March 12, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ایف بی آر نے بے نامی جائیداد کی اطلاع فراہم کرنے پر انعامات کااعلان کردیا، کمشنر ان لینڈ ریونیو کو بے نامی جائیدادوں کے خلاف کارروائی کا اختیار بھی دے دیا، بے نامی ٹرانزیکشنز کی ممانعت سے متعلق ایکٹ کے تحت ملک بھر میں عدالتیں بھی قائم کی جائیں گی۔ ایف بی آر بھی کرپشن کی روک تھام کے لیے سرگرم ہو گئی اور بے نامی  جائیدادوں کی اطلاع دینے والوں کےلیے انعام کا اعلان  کر دیا ۔  بے نامی ایکٹ کے رول 20 اور 21 جاری کردیئے۔ ایف بی آر  کے مطابق بیس لاکھ  مالیت   تک کی جائیداد کی اطلاع فراہم کرنے والے کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا ،20لاکھ سے زائد مالیت کی جائیداد پکڑوانے والے کو ایک لاکھ 20 ہزار سے 2لاکھ 20 ہزار روپے تک انعام ملے گا۔ پچاس لاکھ یا اس سے زائد مالیت کی جائیداد بے نقاب کرنے والوں کو پہلے 50 لاکھ روپے پر 2 لاکھ20 ہزار روپے اور 50لاکھ سے زائد   رقم پر تین فیصدانعام میں دی جائے گی۔ ایف بی آر نے بے نامی جائیدادوں کے خلاف کارروائی کے لیے کمشنر ان لینڈ ریونیو کو اختیارات بھی دے دیئے ہیں جب کہ ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو بے نامی جائیدادوں کو ضبط کرنے کے مجاز ہوں گے۔ ان تمام جائیدادوں کو بے نامی رولز کے مطابق عبوری مدت کے لیے بحق سرکار ضبط کیا جائے گا۔ بے نامی ٹرانزیکشنز کی ممانعت سے متعلق ایکٹ کے تحت ملک بھر میں متعلقہ عدالتیں بھی قائم کی جائیں گی،چیئرمین کو ماہانہ تین لاکھ روپے تنخواہ اور مراعات فراہم کی جائیں گی ،جب کہ ایڈجو ڈیکشن اتھارٹی کے ممبران کو دو لاکھ روپے تنخواہ اور مراعات دی جائیں گی۔