Thursday, April 25, 2024

ایف بی آر کا بے نامی اثاثوں کے مالکان کے ناموں کی فہرست جاری کرنے کا فیصلہ

ایف بی آر کا بے نامی اثاثوں کے مالکان کے ناموں کی فہرست جاری کرنے کا فیصلہ
July 4, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ایف بی آر نے بے نامی اثاثوں کے مالکان کے ناموں کی فہرست جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق بے نامی جائیدادوں کے مالکان کے نام جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 25 ہزار انتہائی قیمتی جائیدادوں کی فہرست مرتب کر لی گئی ہے۔ جلد میڈیا پر بہت سے نام جاری کر دئیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 5 کروڑ بے نامی اکاؤنٹس کے مالکان میں سے چیدہ چیدہ لوگوں کے نام افشاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے کراچی ، لاہور ، اسلام آباد میں قائم 11 بے نامی زونز کی فہرستیں اسلام آباد ارسال کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 70 لاکھ درمیانی قسم کی جائیدادوں کی حتمی فہرست بھی تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ فہرستوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایف بی آر ،ایس ای سی پی اور صوبائی ریوینیو کے افسران مشترکہ اجلاس کریں گے۔ اسی سلسلے میں ایک اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا۔ اگلے دو ہفتوں میں سینکڑوں نام میڈیا کو موصول ہونے کا امکان ہے۔