Friday, March 29, 2024

ایف بی آر نےپاکستانیوں کے ڈیڑھ لاکھ اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا

ایف بی آر نےپاکستانیوں کے ڈیڑھ لاکھ اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا
March 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز )بيرون ممالک چھپائی گئی دولت کا سراغ ملنے لگا ، ایف بی آر نے پاکستانيوں کے ڈيڑھ لاکھ اکاؤنٹس کا پتہ لگاليا۔ بیرون ملک دس لاکھ ڈالر یا اس سے زیادہ مالیت والے چار سو بینک اکاونٹس کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا، جلد نوٹس جاری ہوں گے۔ بیرون ملک چھپائی گئی دولت واپس لینے کیلئے کیا اقدامات کیے ایف بی آر نے تفصیلات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں پیش کردیں۔ بتایا کہ 28 ممالک سے 1 لاکھ 52 ہزار بینک اکاونٹس کا سراغ  مل گیا  ، بیرون ملک سب سے زیادہ بینک کھاتے ترکی سے ملے۔ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات سمیت دوسرے ممالک سے 10 لاکھ ڈالرمالیت والے 400 اکاؤنٹس کا ڈیٹا حاصل کرلیا۔ قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ بیرون ملک بعض پاکستانیوں  نے ایک سے زیادہ بینک اکاؤنٹس کھول رکھے ہیں۔ اندرونی ملک 8 ہزار بے نامی اکاونٹس اور 556  ہائی پروفائل کیسز کا پتہ بھی لگالیاگیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ایک اوورسیز پاکستانی سے 17 کروڑ روپے ٹیکس ریکور کیا گیا ، 450 افراد کے کیسز میں 6.5 ارب روپے ٹیکس ڈیمانڈ رکھی ہے  ۔ ان کا کہنا تھا کہ  مجموعی طورپر کتنا ٹیکس واپس ملے گا ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا ہر کیس کا الگ الگ جائزہ لیا جائیگا۔ رکن کمیٹی قیصر شیخ نے کہا ملک میں بھی لاکھوں بے نامی اکاؤنٹس ہیں ، سالانہ 4 ہزار ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔ چیئرمین کمیٹی فیض اللہ نے بریفننگ پرعدم اطمینان کا اظہار کردیا اور معاملے پرایف بی آر کو  دوبارہ بریفنگ دینے کی ہدایت کردی۔