Monday, September 16, 2024

ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال میں ہدف سے 26ارب زائد ٹیکس جمع کیا

ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال میں ہدف سے 26ارب زائد ٹیکس جمع کیا
August 9, 2016
اسلام آباد(92نیوز)ایف بی آر  نے  کمال کردکھایا مالی سال -15- 2016 کے دوران اربوں نہیں ،کھربوں کا ٹیکس وصول کیا ۔ تفصیلات کےمطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بری کارکردگی کا داغ دھو ڈالا ہے۔ ایف بی آر نے اپنی کارکردگی سے ناقدین کے منہ بند کردیئے ہیں۔ آئی ایم ایف کے دباو نے ایف بی آر کو اربوں نہیں کھربوں کا ہدف بھی حاصل کرنے میں کامیابی دلوا دی۔ دو ہزار پندرہ سولہ  میں ایف بی آر کو 3104 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف ملا تھا مگر ایف بی آر نے تو کمال ہی کردیا ہے۔ نہ صرف مقررہ ہدف حاصل کیا بلکہ ہدف سے بھی 26 ارب روپے زائد ٹیکس اکٹھا کیا ایف بی آرنے گذشتہ سال کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں1220 ارب  روپے اکٹھے کیے جب کہ 1329 ارب روپے سیلز ٹیکس، 404 ارب کسٹمز ڈیوٹی اور 177 ارب روپے ایکسائزڈیوٹی کی مد میں جمع کیے گئے۔ ایف بی آر اور اے جی پی آر نے ٹیکس وصولیوں کے اعدادوشمار کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے مطابق ایف بی آر نے گذشتہ مالی سالی کے دوران 3130 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کو 40 ارب روپے کی کمی کا سامنا تھا تاہم ستمبر میں جاری کیے گئے منی بجٹ کے تحت کسٹمز ڈیوٹیز کی شرح میں اضافہ کیا گیا اور اسے پورا کرلیا جس سے ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں کامیابی ہوئی۔