Friday, April 19, 2024

ایف بی آر نے ایان علی کیس میں ملوث اہم شخصیت تک رسائی حاصل کر لی

ایف بی آر نے ایان علی کیس میں ملوث اہم شخصیت تک رسائی حاصل کر لی
June 22, 2015
اسلام آباد(92نیوز)ایف بی آر نے ایان علی کیس میں ملوث اہم شخصیات تک رسائی حاصل کرلی،حکام کا کہنا ہے کہ ماڈل ایان علی کیس میں بڑے نام ملوث ہیں جن کے خلاف ثبوت اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ماڈل ایان علی کیس میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ حکام نے ایان علی کیس میں ملوث اہم شخصیات تک رسائی حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیس میں بڑے بڑے نام ملوث ہیں جن کے خلاف ثبوت اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور ثابت ہوتا ہے کہ ایان علی کو منی لانڈرنگ کے لیے کافی عرصے سے استعمال کیا جارہا تھا۔ حکام کرنسی اسمگلنگ میں ملزمہ ایان علی کے نیٹ ورک کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں، ان تمام افراد کے خلاف بہت جلد قانونی کارروائی شروع کی جائے گی اور انہیں منظر عام پر لایا جائے گا۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ماڈل ایان علی کے خلاف ایک سال قبل تحقیقات شروع کی گئی تھیں،سپر ماڈل کو مخلتف موقعوں پرپکڑنے کی کوشش بھی کی گئی مگر وہ ہاتھ نہیں آرہی تھی۔ حکام نے بتایا ہے کہ ماڈل ایان علی کے خلاف انکوائری کی فائلیں ریجنل ٹیکس آفس کراچی بھجوادی گئی ہیں ۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ڈالرگرل ایان کی زیادہ تر جائیداد دبئی اور کراچی میں ہے، ماڈل گرل نے دبئی کا بزنس ویزا حاصل کررکھا ہے اوربہت تھوڑے عرصے میں بیرون ملک کے 40 سے زیادہ دورے کرچکی ہے۔ ایان علی نے اپنے ذرائع آمدن کی تفصیلات چھپارکھی ہیں جب کہ نیشنل ٹیکس نمبرہونے کے باوجود ماڈل نے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے۔