Thursday, March 28, 2024

ایف بی آر نے 2ارب کی منی لانڈرنگ و ٹیکس چوری کا سراغ لگالیا

ایف بی آر نے 2ارب کی منی لانڈرنگ و ٹیکس چوری کا سراغ لگالیا
July 24, 2019
اسلام آباد(روزنامہ 92 نیوز)منی لانڈرنگ ،ٹیکس چوری اور غیر قانونی دھندے میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی شروع کر دی گئی،اس سلسلے میں ایف بی آر نے 2ارب روپے سے زائد مالیت کی منی لانڈرنگ و ٹیکس چوری کا سراغ لگایا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈائر یکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس و انویسٹی گیشن کراچی نے ٹیکس چوری میں ملوث عاطف پردیسی نامی شخص کی کروڑوں روپے کی بینک ٹرانزیکشن پکڑ لیں جن کے بارے میں ملزم کوئی تسلی بخش جواب اور ثبوت پیش نہ کر سکا۔ کاغذات کے مطابق ملزم رئیل سٹیٹ اور دیگر کاروبار سے وابستہ ہے اوراس نے مختلف بینک اکائونٹس سے بھاری مالیت کالین دین کیا، غیرملکی کرنسی اکائونٹس سے بھی 6لاکھ ڈالرکی ٹرانزیکشن کی گئی، ایف بی آر میں2008 سے ٹیکس دہندگان کی فہرست میں رجسٹرڈ ہونے کے باوجود کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔

برطانوی اخبار نے شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کا کچا چٹھا کھول دیا

پاکستانی اور غیرملکی کرنسی میں متعدد بینک اکائونٹس کا بھی پتہ چلا ہے جبکہ ملزم کے پاس16کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا، زیورات، گاڑیوں اور جائیداد کا بھی انکشاف ہوا ہے ،ایف بی آر ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا کہ ممکنہ طورپر عاطف پردیسی کسی کا فرنٹ مین ہو سکتاہے ۔ دستاویزات کے مطابق ایف بی آر کے انٹیلی جنس و انویسٹی گیشن ڈائر یکٹوریٹ نے ایسنٹوایٹ ٹریڈنگ کمپنی کے عاطف پردیسی کو 23اپریل کو نوٹس جاری کیا جس میں ذاتی طور پر پیش ہو کر بینک ٹرانز کیشن کی تفصیلات طلب کی گئیں ۔ جون سے ستمبر 2014تک 7کروڑ81لاکھ روپے کی ٹرانزکشن کی گئیں جبکہ عاطف پردیسی کے ذاتی اکائونٹس اور بزنس اکائونٹس سے 52کروڑ80لاکھ روپے اور 93کروڑ30لاکھ روپے کا ٹرن اوور دکھایاگیا جبکہ یہ کاروبار ایس ای سی پی یا کسی ٹریڈ ایسوسی ایشن کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں، ایف بی آر نے ملزم کو اپنے تمام بینک اکائونٹس ، ٹرانزکشن اور ٹیکس چوری سے متعلق وضاحت کیلئے 20مئی کو طلب کیا اور دستاویزی ثبوت طلب کیے لیکن وہ ثبوت دینے میں ناکام رہا۔