Sunday, September 8, 2024

ایف بی آر لگژری گاڑیاں رکھنے والوں کے ذرائع آمدن ڈھونڈنے کیلئے سرگرم

ایف بی آر لگژری گاڑیاں رکھنے والوں کے ذرائع آمدن ڈھونڈنے کیلئے سرگرم
August 22, 2015
کراچی (92نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے زیادہ سے زیادہ ٹیکس سمیٹنے کیلئے لگژری گاڑیاں رکھنے والے مالکان کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔ ایف بی آر قیمتی گاڑیاں رکھنے والے افراد کی کمائی کے ذرائع ڈھونڈنے کیلئے ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مصروف ہے تاکہ انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر حکام ہزار سی سی سے اوپر شمار ہونیوالی رجسٹرڈ لگژری گاڑیوں کے مالکان کے ذرائع آمدن کا پتہ لگانے میں مصروف ہے اور اس سلسلے میں مقامی کار اسمبلرز اور کسٹم اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گزشتہ پانچ سالوں میں فروخت کی جانے والی گاڑیوں کے ریکارڈ بارے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کریں۔ ذرائع کے مطابق حکام جمع کرائے گئے ڈیٹا کو پراونشل موٹر وہیکل اتھارٹیز کی جانب سے جمع کرائے گئے ڈیٹا سے جانچ پڑتال کرنے میں مصروف ہیں۔ ایف بی آر نے اس سلسلے میں نوٹس جاری کرنے شروع کر دیئے ہیں اور عدم تعمیل کی صورت میں کم و بیش 422 گاڑیوں کو قبضہ میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ مختلف شہروں میں کام کرنے والی موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹیز نے اب تک ہزار سی سی سے اوپر 8لاکھ 21ہزار گاڑیوں کا ریکارڈ ایف بی آر کے حوالے کیا ہے جبکہ انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ، پاک سوزوکی موٹرز اور ہونڈا اٹلس اب تک بالترتیب 72ہزار، ایک لاکھ 53ہزار اور 45ہزار گاڑیوں کا ریکارڈ شیئر کر چکے ہیں۔