Friday, April 19, 2024

ایف بی آر جولائی سے مشکوک اکاؤنٹس منجمد کر دیگا، ڈیٹا حاصل کر لیا‏

ایف بی آر جولائی سے مشکوک اکاؤنٹس منجمد کر دیگا، ڈیٹا حاصل کر لیا‏
June 25, 2019
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) ایف اے ٹی ایف کے مطالبے پر ایف بی آر جولائی سے مشکوک اکاؤنٹس کو منجمد کر دے گا، ڈیٹا حاصل کر لیا گیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایف اے ٹی ایف کے مطالبے اور بینکنگ سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے اگلے ہفتے سے مشکوک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کیلئے تمام بینکوں سے ڈیٹا حاصل کرلیا ہے تاکہ آئندہ کوئی بھی بینک ٹرانزیکشن منشیات، دہشتگردی،سمگلنگ اور دیگر غلط مقاصد کیلئے استعمال نہ ہو سکے ۔ اس حوالے سے بینکوں کو ایک مرتبہ پھر وارننگ لیٹر جاری کر دیئے گئے ہیں۔

اس کے بعد کوئی اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم نہیں آئے گی، وزیراعظم عمران خان

دستیاب دستاویزات کے مطابق کالے دھن کو سفید کرنے والی ایمنسٹی سکیم کی سہولت ختم ہونے کا آخری ہفتہ شروع ہوگیا ۔ایف بی آر نے ایک مرتبہ پھر ملک بھر کے تمام بینکوں کو ایک تنبیہی خط لکھا ہے جس میں چیئرمین ایف بی آر نے واضع طور پربینکوں کو کہا ہے کہ بینکوں کو اب مکمل طور پر عالمی قوانین کی پابندی کرنا ہوگی،انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے قانون کے تحت بے نامی اور نان بے نامی اکاؤنٹس ہولڈرز کو ایمنسٹی سکیم کے ذریعے آخری موقع دیا گیا ہے تاکہ وہ آسانی سے اپنے معاملات کو درست کر لیں۔ دستاویزات کے مطابق ایف بی آر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے ریویو اجلاس کی بھی یہ ضرورت ہے کہ بے نامی اکاؤنٹس اور قانونی کے برخلاف ہر کام کو مکمل بند کیا جائے تاکہ دہشتگردی اور دیگر قانون شکنی میں استعمال ہونے والے پیسہ کی روک تھام کی جاسکے ۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے ملک بھر کے تمام بے نامی اکائونٹس اور انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے بر خلاف کام کرنے والے تمام اکاؤنٹس کی معلومات اکٹھی کرلی ہیں اور ان کومنجمد کرنے کیلئے سسٹم بھی حاصل کرلیا گیا ہے ۔ اگلے ماہ جولائی سے جب کسی کسٹمر کا اکاؤنٹ منجمد کیا جائے گا تو کوئی پریشر یا سفارش قابل قبول نہیں ہوگی،ایف بی آر نے بینکوں کو ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر اپنے کسٹمرز کے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھائیں،اس سلسلے میں ٹائم بہت کم رہ گیا ۔