Sunday, September 8, 2024

ایف بی آر اور تاجروں نے سمگلنگ اور انڈرانوائسنگ کی روک تھام کی حتمی سفارشات تیار کر لیں

ایف بی آر اور تاجروں نے سمگلنگ اور انڈرانوائسنگ کی روک تھام کی حتمی سفارشات تیار کر لیں
August 7, 2015
اسلام آباد(92نیوز)ایف بی آر اور تاجروں نے اسمگلنگ اورانڈرانوائسنگ کی روک تھام کی سفارشات کو حتمی شکل دینا شروع کردی۔ چھوٹے تاجروں کے لیے ایک صفحے کا ریٹرن فارم بھی تیار کر لیا گیا۔ کمیٹیوں کی رپورٹ تیرہ اگست کو وزیرخزانہ کو پیش کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق تاجروں اورایف بی آرکے درمیان ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پرقائم کمیٹیوں نے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری خزانہ رانا افضال کی زیر صدارت سیلز ٹیکس کمیٹی میں ملک میں جاری اسمگلنگ اور انڈر انوائسنگ کو روکنے کے لیے تاجروں نے اپنی سفارشات پیش کیں۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ایف بی آر بیشتر اشیا پر لگائی جانیوالی بھاری ڈیوٹی کو کم کرے۔ پاک چین دو طرفہ تجارت میں چارسے پانچ ارب ڈالر کی انڈر انوائسنگ کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ پارلیمانی سیکریٹری خزانہ رانا افضال کا کہنا تھا کہ چھوٹے تاجروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹرن اوور ٹیکس ایک فیصد مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے جب کہ کم سے کم ٹیکس کی شرح کو بھی کم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے تاجروں کی آسانی کے لیے ایک صفحے کا ریٹرن ٹیکس فارم تیار کرلیا گیا ہے، وزارت خزانہ نے ود ہولڈنگ ٹیکس میں مزید کمی نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے تاہم کمیٹیوں کی سفارشات تیرہ اگست تک وزیر خزانہ کو پیش کردی جائیں گی۔