Saturday, April 27, 2024

ایف اے ٹی ایف  کی  گرے لسٹ سے پاکستان کو نکالنے بارے فیصلہ کل ہوگا

ایف اے ٹی ایف  کی  گرے لسٹ سے پاکستان کو نکالنے بارے فیصلہ کل ہوگا
June 16, 2019
اورلینڈو ( 92 نیوز) پاکستان گرے لسٹ سے نکل پائے گا یا نہیں؟، فیصلہ کل ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں ہوگا۔ اجلاس میں منی لانڈرنگ اور ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ، چار رکنی پاکستانی وفد امریکی شہر  اورلینڈو پہنچ گیا۔ پاکستان کے لئے ایک اور کڑا امتحان ہے ، منی لانڈرنگ اور ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کی رپورٹ تیار کر لی گئی ۔ پاکستان ایف اےٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل پائے گا یا نہیں ؟، یہ فیصلہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں کل ہوگا۔ ایف اے ٹی ایف کا اجلاس  امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں  ہو رہا ہے  ۔ سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ کی سربراہی میں چاررکنی پاکستانی وفد فلوریڈا پہنچ گیا ،  وفد میں اسٹیٹ بینک کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ڈی جی، وزارت خارجہ کے ڈی جی  اور پاکستان کے قانونی مشیر شامل ہیں۔ وزارت خزانہ ذرائع کا کہناہےکہ اجلاس میں منی لانڈرنگ اور ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک  کی بینکنگ سرگرمیوں  اور ایس ای سی پی کی کارکردگی بھی زیرغور آئے گی۔ اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا بر قرار رکھنے کی سفارش کی جائے گی۔ ایف اے ٹی ایف کا سالانہ اجلاس ستمبر میں پیرس میں ہوگا ،  پیرس کے سالانہ اجلاس میں فلوریڈا اجلاس کا فیصلہ بڑی حد تک اثر انداز ہوگا۔ پاکستان اگر فلوریڈا اجلاس میں 3 ووٹ لینے میں کامیاب ہوا تو بلیک لسٹ ہونے سے بچ جائے گا۔ اگرپاکستان پیرس اجلاس میں 15 ممالک کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوا تو گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔