Friday, March 29, 2024

ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ

ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ
October 23, 2020
پیرس (92 نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایف اے ٹی ایف کے ورچوئل اجلاس کے تیسرا اور آخری دن ایف اے ٹی ایف حکام نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ بھارت کو ایک بار پھر عالمی سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی بھونڈی کوششیں ایک بار پھرناکام ہوگئی۔ پیرس میں ایف اے ٹی ایف کا تین روزہ اجلاس ختم ہوگیا، پاکستان کو فروری 2021 تک مزید اقدامات کیلئے وقت دے دیا گیا، ایف اے ٹی ایف کے صدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 27 میں سے 21 ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا۔ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے فروری 2021 تک مزید اقدامات کرنے ہونگے۔ ایف اے ٹی ایف سربراہ مارکوس پلیئر کی پریس کانفرنس کے دوران بھارتی صحافی تلملاتے رہے۔ سوالات کی بوچھاڑ کردی، جس پر مارکوس پلیئر کا کہنا تھا کہ ‏پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل رہے گا، لیکن بلیک لسٹ میں جانے کا امکان نہیں ہے۔ ‏ان کا مزید کہنا تھا کہ اِس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے زبردست اقدامات کئے لیکن پاکستان کو باقی 6 نکات پر عمل درآمد کرنا پڑے گا،‏ پاکستان فروری 2021ء تک گرے لسٹ میں رہے گا۔