Saturday, April 20, 2024

ایف اے ٹی ایف کا منی لانڈرنگ کی روک تھام کے پاکستانی اقدامات پر اظہار اطمینان

ایف اے ٹی ایف کا منی لانڈرنگ کی روک تھام کے پاکستانی اقدامات پر اظہار اطمینان
September 11, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ایف اے ٹی ایف نے منی لانڈرنگ کی روک تھام اور  دہشت گردوں کے اثاثوں کی ضبطی کے پاکستانی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایشیاء پیسیفک جوائنٹ گروپ کا دو روزہ اجلاس تھائی لینڈ کے دار الحکومت بنکاک میں منعقد ہوا۔ وزارت خزانہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے حکام کو ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق آگاہ کیا۔ اضاٖفی معلومات اور وضاحتیں بھی پیش کیں۔ حکام کو بتایا گیا کہ پاکستان منی لانڈرنگ، تخریب کاری ، دہشت گردوں کی مالی امداد  سمیت دیگر مالیاتی جرائم کے خلاف بین الاقوامی برادری سے تعاون جاری رکھے گا۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 4 سے 5 ماہ میں ایف اے ٹی ایف کے اہداف کو حاصل کیا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کا تکنیکی وفد پاکستان کی بریفنگ پر رپورٹ مرتب کرے گا جو اگلے ماہ  ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک کو پیش کی جائے گی ۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق ان مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے یا بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ ہو گا۔ ایف اے ٹی ایف پلینری اور ورکنگ گروپ کے اجلاس  تیرہ سے اٹھارہ اکتوبر کو  پیرس میں ہونگے۔