Saturday, April 20, 2024

ایف اے ٹی ایف کا اہم اجلاس آج پیرس میں ہوگا، پاکستان کی گرے لسٹ سے نکلنے کی امید

ایف اے ٹی ایف کا اہم اجلاس آج پیرس میں ہوگا، پاکستان کی گرے لسٹ سے نکلنے کی امید
February 16, 2020
پیرس (92 نیوز) ایف اے ٹی ایف کا اہم ترین اجلاس آج پیرس میں ہوگا۔ پاکستانی وفد کی سربراہی وزیراقتصادی امور حماد اظہر کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایف اے ٹی ایف کو 22 نکات پر مشتمل بریفنگ دی جائے گی۔ ان نکات پر کارکردگی سے اتفاق پر پاکستان کی گرے لسٹ سے نکلنے کی امید ہوگی۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ان نکات میں اسمگلنگ، مشکوک ترسیلات، بینک ڈیپازٹ، قیمتی اثاثوں اور پراپرٹی کی خرید و فروخت کے خلاف اقدامات شامل ہیں۔ ایف اے ٹی ایف نے ان نکات پر قانون سازی اور ادارہ جاتی کارکردگی کا تقاضا کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر، اسٹیٹ بینک، پارلیمنٹ اور ایس ای سی پی کی اس ضمن میں کارکردگی فوکس رہے گی، پراپرٹی ڈیلروں، وکلاء، بینک حکام، ایف آئی اے اور کسٹم حکام کی کارکردگی بارے بھی سوالات ہونگے۔ اس ضمن میں سخت ترین سوالات بیرون ملک سے ترسیلات کے تخریبی فنانس کے طور پر استعمال ہونے پر ہونگے۔ ان ترسیلات کو روکنے کے خلاف اقدامات کی تفصیل پر بریفنگ دی جائیگی۔