Tuesday, April 23, 2024

اب قوم دیکھے گی کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں، کس کے ماتھے پر پسینہ آتاہے ،وزیر اعظم

اب قوم دیکھے گی کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں، کس کے ماتھے پر پسینہ آتاہے ،وزیر اعظم
November 1, 2020
اسلام آباد (92 نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  اب قوم دیکھے گی کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں؟ کس کے ماتھے پر پسینہ آتا ہے؟ ، آج پاکستان کے میر جعفر، میر صادق اور میر ایاز صادق کو دیکھ رہے ہیں۔ اپوزیشن کے لوگ آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف کے خلاف بول رہے ہیں ، یہ این آر او چاہتے ہیں لیکن ڈاکوؤں کو کبھی معاف نہیں کریں گے، طاقتور مجرموں کو قانون کے نیچے لائیں گے،قوم کو سمجھنا چاہیے پاکستان کو مضبوط فوج کی کتنی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے 73 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی، وزیراعظم نے اپوزیشن پرتنقید کے نشتر برساتے ہوئے بولے کہ ایف اے ٹی ایف پر اپوزیشن نے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم بنتے ہی اعلان کیا تھا کہ جن لوگوں نے پاکستان کو لوٹا ہے انہیں نہیں چھوڑوں گا، آج یہ چور اور ڈاکو اکٹھے ہو گئے ہیں اور ملکی ریاستی اداروں کے خلاف باتیں کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اگر یہ چور اور ڈاکو آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کے خلاف بول رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ میرا انتخاب بالکل ٹھیک ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلمانوں کو سب سے زیادہ نقصان میر جعفر اور میر صادق نے پہنچایا، یہ وہ غدار تھے جنہوں نے مسلمانوں کو اندر سے نقصان پہنچایا۔ آج ہم پاکستان کے میر جعفر، میر صادق اور میر ایاز صادق کو دیکھ رہے ہیں، بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے معاملے پر دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات آئے اور یہ (ایاز صادق) آج کہہ رہے ہیں کہ پاکستان نے ڈر کر بھارتی پائلٹ کو حوالے کیا۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یہ سب اس لیے ہو رہا ہے کہ عمران خان انہیں این آر او  دے دے لیکن پوری قوم کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ عمران خان انہیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں اور پاکستان سے سب سے زیادہ نفرت کرنے والی حکومت آئی ہے، بی جے پی کی حکومت نے کشمیر میں جو ظلم کیا، وہ آج سے پہلے کسی بھارتی حکومت نے نہیں کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری منصوبہ بندی سے پاکستان کیخلاف دہشت گردی کی جا رہی ہے، ان دہشت گردوں کے سامنے ہماری سکیورٹی فورسز کھڑی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت صرف دہشت گردی کے ذریعے ہی نہیں بلکہ ملک میں شیعہ سنی انتشار بھی پھیلانا چاہتے تھے لیکن  پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کہ انہوں نے بھارت کے ان عزائم کو ناکام بنایا،،وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان محفوظ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے اسکاؤٹس اور شہداء نے قربانیاں دے کر یہ خطہ آزاد کروایا۔ انتخابات کی وجہ سے یہاں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کر سکتا، لیکن حکومت کا ایک ہی مقصد ہے کہ جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں انہیں اوپر لایا جائے۔