Saturday, May 11, 2024

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کیلئے 10 اقدامات تجویز کر دیے

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کیلئے 10 اقدامات تجویز کر دیے
October 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ایف اے ٹی ایف پیرس اجلاس کی رپورٹ جاری کر دی گئی ، پاکستان کیلئے10اقدامات تجویز کر دیے گئے ۔پاکستان سفارشات کے مطابق  کارکردگی دکھانے کےلئے پر عزم ہے ۔ فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کی کارکردگی کے حوالے سے پیرس اجلاس کی رپورٹ جاری کردی ،  ایف اے ٹی ایف نے  پاکستان کو 10 اقدامات اٹھانے کی تجویز دے دی ، دو مختلف اقسام کے 1273 اور 1367 مشکوک افراد کے خلاف اقدامات کرنا ہوں گے ،  تخریبی قوتوں کے خلاف ایکشن لینا ہوگا اور ان کے  خلاف لیےگئے ایکشن کی فعالیت ثابت کرنا ہوگی۔ ایف اے ٹی ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ مالیاتی اداروں کی جانب سے رقوم اور خدمات کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف ایکشن ثابت کرنا ہوں گے،مشکوک بینک اور کوریئر کے ذریعے تخریبی کارروائیوں کی فنڈنگ کو روکنے کے اقدامات اٹھانا ہونگے۔ مختلف ایجنسیوں اور صوبائی اداروں کے درمیان تخریب کار عناصر کے خلاف ایکشن میں ربط دکھانا ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق تخریب کاروں کے سہولت کاروں کے خلاف تکنیکی ایکشن بذریعہ عدالتی کارروائی منظّم بنانا ہوگا، ثابت کرنا ہوگا کہ تخریبی عناصر پر لگی پابندیوں کو عدالتوں کے ذریعے روکنے کا عمل موثر ہے ، تخریبی عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ملنے والی رقوم اور اثاثوں کی تلاش کا عمل اور نتائج ثابت کرنا ہونگے۔ ادارہ جاتی عمل کے ذریعے تخریبی عناصر کو سزائیں دینا ثابت کرنا ہوگا،فہرست میں شامل تخریب کاروں کو ملنے والی سہولتوں اور معاونت کے خلاف موثر کارروائی کے ثبوت دینا ہونگے۔