Saturday, May 11, 2024

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو 12 شعبوں کی نگرانی سخت کرنے کا ٹاسک دے دیا

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو 12 شعبوں کی نگرانی سخت کرنے کا ٹاسک دے دیا
October 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو مزید ٹاسک سونپ دئیے۔ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو 12 شعبوں کی نگرانی سخت کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

ذرائع کے مطابق قیمتی دھاتوں کی خرید و فروخت ، گولڈ کی امپورٹ ، ایکسپورٹ کا کسٹم ڈیٹا اور اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے اعدادوشمار فراہم کیے جائیں۔ اسکے علاوہ ٹیرر فنانسنگ میں ملوث افراد اور گروپوں کے بارے میں اٹھائے گئے سوالات پر اپ ڈیٹ دی جائے۔

ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے عدالتوں میں چلنے والے کیسوں کی پراسیکیوشن سے متعلق بھی تفصیلات جمع کرانے کا کہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے بیرون ملک پاکستانیوں کی دوسری کمپنیوں کے ساتھ اشتراک سے منافع کی رقم کی ترسیل اور طریقہ کار کو تاریخوں کے ساتھ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ  پراپرٹی سیکٹر میں داخل ہونے والے نئے سرمایہ کاروں کا مکمل پروفائل بھی جمع کرایا جائے۔ تمام ڈیٹا رواں سال دسمبر تک فراہم کیا جائے۔