Saturday, April 20, 2024

ایف اے ٹی ایف سے متعلق اپوزیشن اور بھارت ایک پیج پر ہیں ، وزیراعظم

ایف اے ٹی ایف سے متعلق اپوزیشن اور بھارت ایک پیج پر ہیں ، وزیراعظم
September 2, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ایف اے ٹی ایف سے متعلق اپوزیشن اور بھارت ایک پیج پر ہیں۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی وپارٹی ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی نے فٹیف قانون سازی میں اپوزیشن کے کردار سے متعلق گفتگو کی۔ حکومتی و پارٹی ترجمانوں کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ حکومتی وپارٹی ترجمانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لیے ملک کو نقصان پہنچارہی ہے، اپوزیشن اینٹی منی لانڈرنگ قانون میں مرضی کی ترمیم چاہتی ہے، اپوزیشن قومی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق قوانین کے حوالے سے اپوزیشن اور بھارت ایک پیج پر ہیں۔ ملکی سلامتی اور عوامی مفاد کی قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ اجلاس میں نواز شریف کو وطن واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی عمران خان کو بریفنگ دی گئی جس پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو جانے کی اجازت دی، حکومت احتساب کے منشور پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔