Tuesday, May 21, 2024

ایف اے ٹی ایف اجلاس آج ہوگا، پاکستان نے بلیک لسٹ سے بچنے کیلئے پلان تشکیل دیدیا

ایف اے ٹی ایف اجلاس آج ہوگا، پاکستان نے بلیک لسٹ سے بچنے کیلئے پلان تشکیل دیدیا
October 13, 2019
پیرس (92 نیوز) ایف اے ٹی ایف اجلاس آج سے پیرس میں شروع ہوگا جس میں دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے اقدامات پرغور ہوگا۔ حماد اظہر کی قیادت میں پاکستانی وفد اجلاس میں شرکت کرے گا، چین، ملائشیا اور ترکی پاکستان کی حمایت میں کھڑےہوگئے۔ بلیک لسٹ سے بچنے کیلئے پلان بی بھی تشکیل دے دیاگیا ہے، پاکستان سفارشات پر عمل درآمد کیلئے9ماہ کی  مہلت طلب کرےگا۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ 40 میں سے محض 13 شرائط پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کرے گی ، بقیہ 27 سفارشات پر عملدرآمد کیلئے جون 2020 تک مہلت کی درخواست کی جائے گی۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے 217 ضمنی سفارشات پر بڑی حد تک کام ہونے کے باوجود پاکستان کے گرے لسٹ میں برقرار رہنے کا خدشہ موجود ہے۔پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے سے متعلق فیصلہ 16 اکتوبر کو ہو گا۔ پاکستان کی درخواست پر 30 جون 2020 تک سفارشات پر عمل درآمد کی اجازت ملنے کا امکان ہے ، اجلاس میں شریک 34 رکن ممالک کے نمائندوں سے حمایت کے حصول کیلئے سفارتکاری کا عمل جاری ہے جبکہ چین، ملائشیا اور ترکی کی حمایت کے باعث پاکستان کے بلیک لسٹ ہونے کے امکانات کم ہیں۔