Friday, April 26, 2024

ایف آئی اے کا حمزہ شہباز کو شوکاز نوٹس ، اکاؤنٹس منجمد کرنے کی کارروائی شروع

ایف آئی اے کا حمزہ شہباز کو شوکاز نوٹس ، اکاؤنٹس منجمد کرنے کی کارروائی شروع
July 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ جائیداد اور اکاؤنٹس منجمد کرنے کی کارروائی شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو پچیس ارب کی مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں نوٹس جاری کیا گیا۔ چپڑاسی اور کلرکوں کے اکاؤنٹس میں مبینہ آمدن کے ذرائع بتانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع آمدن نہ بتانے پر جائیداد ضبط کر لی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو ایف آئی اے نوٹس بھجوانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا عمران صاحب فیصلہ کر لیں کہ ایک ہی الزام میں کتنی بار ہراساں کریں گے؟ 22 مہینے جیل میں اور 58 والیمز میں یہ تمام چیزیں شامل ہیں۔ ہر اثاثہ الیکشن کمشن اور ایف بی آر میں ظاہر شدہ ہے جس پر آج تک کوئی اعتراض نہیں ہوا۔ یہ صرف اور صرف نیب کے بعد ایف آئی اے کے ذریعے سیاسی انتقام اور میڈیا ٹرائل ہے۔ ان تمام سوالات کے جواب حمزہ شہباز 58 والیمز میں دے چکے ہیں۔ جن جائیدادوں کا ذکر کیا جارہا ہے ، وہ پہلے ہی قانونی عمل کا حصہ ہیں۔

 مریم اورنگزیب نے کہا پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ ایف آئی اے ذاتی ملازم نہ بنے، ریاستی ادارہ بنے۔ ایک شخص کی کتنی بار ایک ہی الزام میں تفتیش ہوگی؟ کیا دوہری سزا کے قانونی اصول سے ایف آئی اے، نیب اور عمران صاحب لاعلم ہیں؟ اسی کیس کی دو سال نیب کے ذریعے تمام تفتیش مکمل کی گئی، قید رکھا گیا ۔ ان تمام الزامات کی حقیقت لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں درج ہے ۔ ایک کیس کی بار بار تفتیش سے ثابت ہو گیا کہ یہ صرف سیاسی انتقام ہے۔