Friday, April 26, 2024

ایف آئی اے ٹیم کا لاہور میں نون لیگ کے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ پر چھاپہ

ایف آئی اے ٹیم کا لاہور میں نون لیگ کے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ پر چھاپہ
December 26, 2019

 لاہور (92 نیوز) ایف آئی اے ٹیم نے لاہور میں نون لیگ کے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارا۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کی پریس کانفرنس سے متعلق مواد قبضے میں لینے کیلئے چھاپہ مارا گیا۔

نئے ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا کے چارج سنبھالتے ہی ایف آئی اے نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کی تہہ تک پہنچنے کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیئے ۔

سینیٹر پرویز رشید،عظمیٰ بخاری اور عطا تارڑ کو طلبی کے نوٹس بھیجنے والی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے آج مسلم لیگ نون کے سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن پر چھاپہ مارا۔

 ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی سات رکنی ٹیم نے مریم نواز کی پریس کانفرنس کے حوالے سے ریکارڈ قبضے میں لینے کے لیے تلاشی لی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ جج ارشد ملک کے کیس میں چھاپہ مار کر ایک کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک قبضہ میں لی گئی۔

لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا غیر قانونی چھاپے کے خلاف ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیا کےخلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرائیں گے ۔ مرکزی سیکریٹریٹ پر چھاپے کے خلاف کل احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔