Saturday, April 20, 2024

ایف آئی اے نے ہار کی واپسی کیلئے یوسف رضا گیلانی کو نوٹس جاری کر دیا

ایف آئی اے نے ہار کی واپسی کیلئے یوسف رضا گیلانی کو نوٹس جاری کر دیا
June 21, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی  تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ترک خاتون اول کی طرف سے دیئے گئے ہار کی واپسی کیلئے یوسف رضا گیلانی کو نوٹس جاری کردیا۔ سابق وزیراعظم سے  کہا گیا ہے کہ تین روز  میں  ہار  واپس نہ کیا  تو مقدمہ درج کیا جائے گا۔ کہتے ہیں کہ  ترک خاتون اول  کا ہار یوسف رضا گیلانی کےلئے  گلے  کی  ہڈی  بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دوہزار دس میں   تباہ کن سیلاب آیا،جس کی  تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے اس وقت کے ترک وزیراعظم   رجب  طیب اردگان کی اہلیہ بھی  آبدیدہ   ہو گئیں،اور  انہوں  نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنی شادی کا قیمتی  ہار  پاکستان کو  عطیہ کردیا،کہ  حکومت پاکستان اس قیمتی  ہار  کو نیلا م کرکے  سیلاب زدگان کی مدد کرے ، تاہم ،ہار کسی ضرورت مند کے  تو کام  نہ آ سکا ،ضرورت مند  وزیراعظم  کے ہاتھ ضرور  لگ گیا، وزیراعظم گیلانی  دادو میں سیلاب  سے متاثرہ  علاقوں کے دورے پر نکلے،تو اس وقت کے  چیئرمین نادرا علی ارشد حکیم  بھی  ان کے  ہمراہ   تھے، جنہوں نے  وزیراعظم کو مشورہ دیا،کہ سیلاب سے متاثرہ  لڑکیوں کی  شادی  میں وہ ترک خاتون اول کا ہار  دینے سے رہے، کیونکہ ہار ایک  ہے  اور پہننے والی  آٹھ ہیں، اس لئے نادرا اپنے بجٹ سے  یہ  ہار سولہ  لاکھ  رو پے میں خرید لیتا ہے،  اور   وزیراعظم رقم  میں سے   دو  لاکھ   روپے  ہر دلہن کو  دے دیں، جہاں  تک  ہار  کی ملکیت  کی  بات ہے ،تو وزیراعظم  اسے   پرائم  منسٹر ہاوس کی زینت  بنا لیں۔ گیلانی  صاحب کو یہ  مشورہ  پسند آ گیا،اور ا نہوں نے ہاں کردی، یوں  دوست ملک   کے وزیراعظم  کی  اہلیہ کا  ہار دوست  ملک کے  وزیراعظم  کے  ہاتھ لگ  گیا،جون  دو ہزار بارہ میں جب  یوسف  رضا  گیلانی کو وزیراعظم  ہاوس سے  رخصت ہونا پڑا، تو  جاتے  جاتے  وہ   ترک   خاتون اول کا ہار بھی ساتھ لے  گئے، اتنے  عرصے  تک  یہ  بات   پس  پردہ رہی لیکن  جب بات  میڈیا  پر آئی، تو  علی ارشد حکیم  نے  مختلف موقف  اپنایا کہ  ہار خریدنے کا فیصلہ تو ترک خاتون اول کو واپس کرنے کے لیے کیا تھا۔ تاہم  یوسف رضا گیلا نی نے اس پر اپنی  ناراضی کا اظہارکرتے  ہوئے کہا کہ  غیرملکی سربراہان مملکت کی جانب سے وزرائے اعظم کو تحفہ دیا جانا ایک عام سی بات ہے اور ہار ان کے پاس ہے۔ حالانکہ  یہ    ہار  تحفہ  نہیں کیا  گیا  بلکہ    سیلاب  زدگان کے لئے   عطیہ  کیا  گیا  تھا،یوسف رضا گیلانی  نے یہ  بھی کہا کہ  ان کے  اردگان خاندان سے قریبی مراسم ہیں ،ہار ان کے پاس اپنی  بہن کی امانت  ہے۔ استنبول جائیں گے تو بہن کو ہار  لوٹا دیں گے، ہار کس نے  کب لیا اور کس کے کہنے پر  کس کے لئے لیا اس کا  فیصلہ  تو اب ایف آئی اے  ہی کرے گی ۔