Saturday, May 4, 2024

ایف آئی اے نے مزید 11 چینی باشندوں سمیت 14افراد کو گرفتار کر لیا

ایف آئی اے نے مزید 11 چینی باشندوں سمیت 14افراد کو گرفتار کر لیا
May 10, 2019
لاہور ( 92 نیوز) چینی لڑکوں کی پاکستانیوں لڑکیوں سے شادی اسکینڈل میں ایف آئی اے نے جوہرٹاؤن لاہور میں چھاپہ مار کر 11 چینی باشندوں سمیت مزید 14 افراد کو گرفتارکرلیا۔ تمام ملزم ضلعی عدالت میں پیش کئے گئے ، عدالت نے ملزموں کو  دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ فیصل آباد میں گرفتار گروہ کے 4 پاکستانی ملزم بھی جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیے گئے ۔ پاکستان لڑکیوں سے شادی رچا کر غیر اخلاقی حرکات کرانے والے چینی گروہ کے دن گنے گئے، رشتوں کے بیوپار کا گھناؤنا دھندا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ فیصل آباد میں ہونے والی 18 شادیوں کی تصاویر بھی منظر عام پر آ گئی  ۔ اس سے پہلے لاہور، فیصل آباد اور دیگر علاقوں سے  منظم گروہ سے تعلق رکھنے والے 28 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں گینگ کی سرغنہ بھی شامل ہے۔ ملزمان کو فیصل آباد منتقل کردیا گیا تھا ۔ ملزمان سے پاسپورٹ، زیورات، اور موبائل ڈیوائسز برآمد کی گئی تھیں۔ دوسری جانب  چین سے بھاگ کر واپس گوجرانوالہ پہنچنے والی لڑکی نے خوفناک انکشافات کئے ہیں،رابعہ نے تنسیخ نکاح کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا۔ متاثرہ لڑکی نے یکم جنوری 2019 کو چینی باشندے ژانگ شو چن سے شادی کی تھی۔ دوسری جانب تحقیقاتی ادارے کی رپورٹ میں خوفناک انکشافات سامنے آئے، ملزمان پاکستانی لڑکیوں کو بہتر مستقبل کا جھانسہ دے کر ان کی چینی لڑکوں سے شادی کرواتےاور انھیں چین لے جاکر جسم فروشی کے کاروبار میں دھکیل دیا جاتا تھا۔ جو لڑکیاں جسم فروشی کے لئے موزوں نہ ہوتیں انہیں انسانی اعضا کی تجارت میں استعمال کیا جاتا۔