Friday, April 26, 2024

ایف آئی اے نے عمران فاروق قتل کا عبوری چالان ٹرائل کورٹ میں جمع کرادیا

ایف آئی اے نے عمران فاروق قتل کا عبوری چالان ٹرائل کورٹ میں جمع کرادیا
May 5, 2016
اسلام آباد(92نیوز( ایف آئی اےنے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس  کاپہلا عبوری چالان ٹرائل کورٹ میں جمع کرادیا ، جس کے مطابق ملزم محسن علی نے ڈاکٹر عمران فاروق کو کمرسے پکڑ کر قابو کیا اور  کاشف خان نے ان کے سرپر اینٹ  اور چھاتی پر  خنجر کے وار کرکے   موت کے گھاٹ اتارا۔ چالان  میں الطاف حسین  محمد انور اور افتخار حسین کانام بطور ملزم شامل ہے . تفصیلات کےمطابق گرفتار ملزم سید محسن علی کوقاتل جبکہ خالد شمیم اور معظم علی کو سہولت کارظاہر کیا گیا ہے ،،چالان کے مطابق جون 2015کو انکوائری کے بعد وفاقی حکومت کی اجازت سے ملزم خالد شمیم ،سید محسن علی اور معظم علی کوتحویل میں لیاگیا جبکہ ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل میں  تینوں مشکوک افراد کے کردار کے تعین کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی چالان میں بتایا گیا ہے کہ لندن اور پاکستان میں مشترکہ طور پر تیار ہونے والی سازش میں ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین ،محمد انور اور افتخار حسین نے  مرکزی کردار ادا کیا۔ عبوری چالان کے مطابق 16ستمبر 2010کو مقامی وقت 5بجے کے قریب ملزم محسن علی اور کاشف خان کامران مل کر ڈاکٹر عمران فاروق پر حملہ آور ہوئے ملزم محسن نے ڈاکٹرعمران فاروق کو کمر سے پکڑ کر قابو کیا جبکہ کاشف خان نے ان کے سر پر پہلے اینٹ سے وار کیا ور پھر ان کی چھاتی پر خنجر کے پے درپے وار کرکے  موت کے گھاٹ اتار دیا ملزم خالد شمیم اور محسن علی کے اعترافی بیان کو بھی چالان کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کئے گئے چالان میں بتایا گیا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش اور  منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے لندن  اور سری لنکا سے مزید ثبوت اور شواہد درکار ہیں ، عدالت نے  چالان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے سماعت 12مئی تک ملتوی کردی ہے جبکہ آئندہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی۔