Thursday, May 2, 2024

ایف آئی اے اور رینجرز نے غیر قانونی الاٹمنٹ اور چائنہ کٹنگ کےحوالے سے چھان بین شروع کر دی

ایف آئی اے اور رینجرز نے غیر قانونی الاٹمنٹ اور چائنہ کٹنگ کےحوالے سے چھان بین شروع کر دی
July 25, 2015
کراچی(92نیوز)ایف آئی اے اور رینجرز نے غیر قانونی الاٹمنٹ اور چائنا کٹنگ کے ضمن میں چھبیس ہزار پلاٹوں کے حوالے سے چھان بین شروع کردی ، کے ایم سی محکمہ لینڈ سے قبضے میں لیے گئے ریکارڈ میں اہم شخصیات کے نام سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق کے ایم سی ،محکمہ لینڈ ، سے قبضہ میں لیے گئے ریکارڈ سے غیر قانونی الاٹمنٹ اور چائنا کٹنگ کا کچا چٹھا کھلنا شروع ۔ ذرائع کے مطابق  کے ایم سی محکمہ لینڈ  سے جمعہ کی شب ایف آئی اے نے تقریباً سات ہزار فائلیں قبضے میں لیں  ابتدائی چھان بین کے بعد اہم شخصیات کے نام سامنے آگئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ راشد منہاس روڈ پر واقع الہ دین پارک کے قریب چھ ایکڑ کا پلاٹ سندھ میں اہم عہدے پر فائز شخصیت اور ایک سیاسی شخصیت کو مشترکہ طورپرالاٹ کیا گیا ، اور دونوں نے اپنے حصے کے پلاٹ کئی کروڑ روپے میں فوری طور پر فروخت کردیئے ،دوسری جانب ، ایف آئی اے نے محمود آباد  میں محکمہ لینڈ کے لیز آفس پر بھی چھاپہ  ریکارڈ قبضے میں لے کر دفتر کو سیل کردیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور رینجرزغیرقانونی الاٹمنٹ اور چائنا کٹنگ کے 26ہزار پلاٹوں سے متعلق چھان بین کررہی ہے ۔ دستاویزات کی تکنیکی جانچ پڑتال ایف آئی اے کرے گی  تحقیقات کے لیے جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم بنادی گئی جس کی سربراہی شاہد حیات خود کرینگے  ٹیم میں تین سرکلز کے افسروں کو شامل کیا گیا ہے ۔ اگر چھان بین کے بعد  زمینوں کی الاٹمنٹ اور چائنا کٹنگ سے حاصل ہونے والی رقم کےدہشت گردی میں استعمال ہونے کے شواہد ملے تو رینجرز کارروائی کرے گی ۔ ملوث افراد کے خلاف ایف آئی اے کا کاؤنٹر ٹیررازم ونگ مقدمات درج کرے گا ادھر ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ ڈپارٹمنٹ میں ریکارڈ کو آگ لگائے جانے کا خدشہ ہے ۔ جس کے پیش نظرمحکمہ لینڈ کے دفاتر میں رینجرز کی تعیناتی کا امکان ہے ۔