Thursday, April 25, 2024

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کوشکست دیدی

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کوشکست دیدی
October 27, 2018
مسقط ( 92 نیوز) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں  پاکستان ملائیشیا کو شکست  دے کر فائنل میں پہنچ گیا ۔ کرکٹ کے بعد قومی کھیل ہاکی سے بھی پاکستان کیلئے اچھی خبر ہے ،  ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی  میں پاکستانی ٹیم کی ایونٹ میں  کامیابیوں کا تسلسل  جاری ہے ، گرین شرٹس نے ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی کر لیا ۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر تین ،ایک سے شکست دی۔ کھیل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا اور ملائیشیا نے دوسرے منٹ میں  گول کر کے برتری حاصل کر لی، چھٹے منٹ میں محمد عرفان نے گیند کو جال میں پھینک کر میچ ایک ،ایک سے برابر  کر دیا۔ میچ کے 12ہویں منٹ میں علیم بلال نے گول کرکے ٹیم کی برتری دو ،ایک کر دی، پہلے کوارٹر کے  آخری لمحات میں ابو بکر نے گول کر کے پاکستان کی برتری تین ،ایک کردی۔ دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے ایک گول اسکور کیا جبکہ ملائیشیا  کی ٹیم کوئی گول اسکور نہ کر سکی، میچ کے  دوسرے ہاف میں ملائیشیا نے شاندار کم بیک کیا اور تین گول داغ کر میچ چار، چار گول سے برابر کر دیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر پاکستان نے تین ،ایک سے کامیابی سمیٹ کر ایونٹ کے فائنل  میں رسائی حاصل کی۔