Wednesday, May 8, 2024

ایشین گیمز ہاکی ، بھارت کے بعد پاکستان بھی گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر

ایشین گیمز ہاکی ، بھارت کے بعد پاکستان بھی گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر
August 30, 2018
جکارتہ (92 نیوز) ایشین گیمز ہاکی میں بھارت کے بعد پاکستان بھی گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گیا ۔ دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نے قومی ٹیم کو ایک صفر سے مات دی۔ ایشین گیمز ہاکی میں مسلسل پانچ میچز جیتنے والی قومی ٹیم سب سے اہم میچ ہار گئی ۔ سیمی فائنل میں جاپان نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے  کامیابی سمیٹ لی۔ جاپان کی ٹیم نے آغاز سے ہی شاندار کھیل پیش کیا، اور پاکستانی ٹیم پر دھاک بٹھائے رکھی۔ جاپان کی جانب سے واحد گول یاماداشوٹا نے اسکور کیا۔ قومی ٹیم کو بہت سے مواقع ملے لیکن فائدہ نہ اٹھا پائی ۔ ہارنے کے ساتھ پاکستانی ٹیم نے اولمپکس میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع بھی  گنوا دیا۔ پاکستان کی ٹیم کانسی کے تمغے کے لیے بھارت سے ٹکرائے گی۔ ایونٹ کا فائنل ملائیشیا اور جاپان کے درمیان یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔