Friday, April 26, 2024

ایشین گیمز، پاکستان نے ملائیشیا کو 1-4 سے شکست دیدی

ایشین گیمز، پاکستان نے ملائیشیا کو 1-4 سے شکست دیدی
August 26, 2018
جکارتہ ( 92 نیوز) ایشین گیمز میں پاکستان نے ملائیشیا کو  ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ہاکی ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ انڈونیشیا میں ایشین گیمز کے زبردست مقابلے جاری ہیں ، ایونٹ  میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے  ، قومی ہاکی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں لگاتار چوتھی فتح حاصل کرلی ۔ گرین شرٹس نے  ملائیشیا کو  ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کرایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستانی ہاکی ٹیم نے آغاز سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کیااور کھیل کے پانچویں منٹ میں محمد عر فان نے گول داغ کر ٹیم کو برتری دلا دی ۔ کھیل کے دسواں منٹ میں ملائیشیا نے گول اسکور کر کے حساب برابر کر دیا  مگر  اس کے بعد شاہینوں نے ملائیشیا کے کھلاڑیوں کی ایک نہ چلنے دی اور دوسرے کوارٹر میں کوئی  ٹیم گول اسکور نہ کر سکی۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور دو گول داغ کر تین ،ایک سے برتری حاصل کر لی ۔ میچ کے آخری کوارٹر میں پاکستان  کی جانب سےاعجاز احمد نے  گیند کو جال میں پھینک کر پاکستان کو چار،ایک سے کامیابی دلائی ۔