Friday, April 26, 2024

ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو بجلی پیدا کرنے کیلئے ساڑھے 6کروڑ ڈالر قرضہ دے گا

ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو بجلی پیدا کرنے کیلئے ساڑھے 6کروڑ ڈالر قرضہ دے گا
May 18, 2015
منیلا (ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں نجی شعبہ میں بجلی منصوبے کیلئے ساڑھے چھ کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی شدید قلت پاکستان کی معاشی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، مہنگی بجلی کے استعمال پر انحصار کے بجائے پاکستان کو پن بجلی کی پیداوار پر توجہ دینا ہوگی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ آزادکشمیر کے علاقے کوٹلی میں دریائے پونچھ پر رن آف ریور ہائیڈرو منصوبے کیلئے وہ کوریا کی میرا پاور لمیٹڈ کو ساڑھے چھ کروڑ ڈالر قرض فراہم کر رہا ہے جبکہ منصوبے کی کل لاگت چھتیس کروڑ ستر لاکھ ڈالر ہے، باقی فنڈز کیلئے کوریا کے بینک مدد دیں گے۔ منصوبہ مارچ دو ہزار انیس میں مکمل ہو گا، منصوبہ بی او ٹی کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا جس کی مدت تیس سال ہوگی اور منصوبے سے حاصل ہونے والی بجلی ٹیک آر پے پاور پرچیز معاہدے کے تحت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو مہیا کی جائے گی۔ منصوبے سے ایک سو دو میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جو موجودہ شارٹ فال کا دوفیصد ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ اس منصوبے کے ڈیزائن میں سیلاب سے بچاﺅ کا خیال رکھا گیا ہے۔ فشریز اور لائیو سٹاک کے تحفظ کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔ منصوبے سے متاثرہ گھروں کے مالکان کو معاوضہ اور روزگار بھی دیا جائے گا۔