Thursday, May 2, 2024

ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو ایک ارب 53 کروڑ ڈالر سے زائد قرض دے گا

ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو ایک ارب 53 کروڑ ڈالر سے زائد  قرض دے گا
December 22, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اے ڈی بی اور پاکستان کے درمیان 6 نئے معاہدے طے پا گئے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو ایک ارب 53 کروڑ ڈالر سے زائد قرض دے گا۔

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان چھ مختلف منصوبوں کیلئے ایک ارب چون کروڑ تیس لاکھ ڈالرز کا معاہدہ طے پاگیا۔ معاہدے پر سیکریٹری اقتصادی امور میاں اسد حیاء الدین اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یانگ ای نے دستخط کئے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب بھی تقریب میں موجود تھے۔

معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک احساس پروگرام کیلئے 60 کروڑ 30 لاکھ۔، توانائی شعبے میں اصلاحات کیلئے 30 کروڑ، خیبر پختون خوا میں شہروں کی بہتری کے منصوبے کیلئے 38 کروڑ 50 لاکھ ، کرم تنگی آبی وسائل کے فروغ کے منصوبہ کیلئے 50 لاکھ  اور وسطی ایشیائی اقتصادی ٹرانسپورٹ راہداری کیلئے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز فراہم کرے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر عمر ایوب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت کا شکریہ ادا کیا۔ نائب صدر ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا تھا کہ کورونا کے باوجود پاکستان میں معیشت کی بحالی ہوئی۔ کورونا ویکسین پروگرام کیلئے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز فراہم کئے۔ بینک کی جانب پاکستان کی معاونت جاری رہے گی۔