Thursday, May 9, 2024

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے ایک ارب تیس کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے ایک ارب تیس کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی
December 6, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کی بجٹ سپورٹ اور توانائی کے شعبے میں بہتری کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کا بڑا اعلان سامنے آ گیا۔ پاکستان کو ہنگامی بنیاد پر 1 ارب تیس کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دیدی۔ پائیدار اور متوازن معاشی ترقی کیلئے جاری کوششیں اور اصلاحات رنگ لانے لگیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان کو ہنگامی بنیاد پر 1 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ ایک ارب ڈالر فنڈز بجٹ سپورٹ کی مد میں خصوصی پالیسی کے تحت فوری جاری کیے جائیں گے۔ ائی ایم ایف کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی، ریونیو میں بہتری سمیت معاشی اصلاحات کا اعتراف کر لیا اور قرار دیا کہ حکومت نے غریب طبقے کو معاشی بحران کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات کیئے ہیں تاہم پاکستان کو توازن ادائیگی اور کم زرمبادلہ زخائر سمیت اب بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ فنڈز کے استعمال سے بیرونی معاشی خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اے ڈی بی کی بجٹ سپورٹ آئی ایم ایف کے اصلاحاتی پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستانی معیشت میں استحکام لانا ہے۔ اے ڈی بی پاکستان کو توانائی کے شعبے میں بہتری کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرضہ دے گا جس میں سے 10 کروڑ ڈالر گردشی قرضے کی ادائیگی میں استعمال ہو گا اور باقی رقم سے بجلی کے سپلائی سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔