Friday, April 19, 2024

پاکستان ایشیا کپ سے باہر ، فائنل میں بنگلہ دیش بھارت سے ٹکرائے گا

پاکستان ایشیا کپ سے باہر ، فائنل میں بنگلہ دیش بھارت سے ٹکرائے گا
September 27, 2018
ابو ظہبی ( 92 نیوز ) ایشیا کپ کا رنگارنگ  ایونٹ دبئی میں جاری ہے ۔ ایونٹ کے انتہائی اہم میچ میں بنگلہ دیش پاکستان کو 37 رنز سے شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا جہاں وہ بھارت سے  ٹائٹل کے حصول کیلئے نبرد آزما ہوگا۔ پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش نے  ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا  اور پوری ٹیم  48.5اوورز میں 239رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جواب میں پاکستان کی ٹیم  مقررہ 50 اوورز میں 202 رنز ہی بنا پائی ۔ بنگلہ دیش کی بیٹنگ ابتدا میں لڑکھڑاہٹ کا شکار رہی ۔ اوپنر لٹن داس 6 ساتھی اوپنر سومیا سرکار بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ مومن الحق بھی 5رنز بنا کر چلتے بنے ۔ مگر مشفیق الرحمت اور محمد مٹھن نے بنگلہ دیش کی ڈولتی ناؤ  کو خوب سہارا دیا ۔ مشفیق الرحمت نے 99 رنز بنائے  جب کہ محمد مٹھن60 رنز  بنا پائے ۔امرل کائس 9،محمداللہ 25،مہدی حسن مرزا 12،مشرف مرتضیٰ14اور روبیل حسین 1رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان 9اوورز میں 19 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کر کے کامیاب ترین باؤلر رہے جب کہ حسن علی 9.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے عوض 60 رنز دیکر مہنگے ترین باؤلر ٹھہرے ۔ پاکستانی ٹیم 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں  ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی  اور  مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 202رنز ہی بنا پائی ۔ ٹاپ آرڈرز نے حسب روایت  تو چل میں آیا   کی روایت بر قرار رکھی۔ فخر زمان اور بابر اعظم ایک ، ایک  جبکہ کپتان سرفراز احمد 10رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ  کا مظاہرہ کیا اور 83رنز بنا کر ٹیم کو بد ترین شکست کی صورتحال سے نکال لیا ، شعیب ملک  نے 30 جب کہ آصف علی نے 31 رنز بنائے ۔ شاداب خان 4،آصف علی 31 ،محمد نواز ،8حسن علی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔