Friday, March 29, 2024

ایشز سیریز: انگلینڈ نے پہلے روز جوروٹ کی سنچری کی بدولت343رنز بنا لئے

ایشز سیریز: انگلینڈ نے پہلے روز جوروٹ کی سنچری کی بدولت343رنز بنا لئے
July 9, 2015
کارڈف (ویب ڈیسک) کارڈف میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والی ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 343 رنز بنائے ہیں۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو آغاز کچھ اچھا نہیں تھا تاہم بعد میں جو رووٹ، گیری بیلنس اور بین سٹوکس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر معین علی 26 اور سٹوارٹ براڈ بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل صرف 43 رنز پر ہی انگلینڈ کے تین کھلاڑی آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ کپتان ایلسٹر کک 20، ایڈم لیتھ چھ اور این بیل صرف ایک رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد انگلینڈ کے جانب سے جو رووٹ اور گیری بیلینس نے چوتھی وکٹ کی شاندار شراکت میں 153 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر کر دی۔ مچل سٹارک نے تین کھلاڑیوں کو آو¿ٹ کیا۔ گیری بیلینس آٹھ چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر جاش ہیزل ووڈ کی گیند پر آو¿ٹ ہوئے۔ پانچویں وکٹ کی شراکت میں رووٹ اور بین سٹوکس نے 84 رنز بنائے۔ جو رووٹ نے وکٹ کی چاروں جانب سٹروکس کھیلتے ہوئے 166 گیندوں پر 134 رنز بنائے۔ انہیں مچل سٹارک نے آوٹ کیا۔ بین سٹوکس بھی چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر سٹارک کا شکار بنے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک اور جاش ہیزل ووڈ نے تین تین جبکہ نیتھن لائین نے ایک وکٹ حاصل کی۔