Thursday, March 28, 2024

ایس ایچ او مہر اسماعیل کی اپنے خلاف آواز اٹھانے والوں کو قتل کی دھمکیاں

ایس ایچ او مہر اسماعیل کی اپنے خلاف آواز اٹھانے والوں کو قتل کی دھمکیاں
May 5, 2016
اوکاڑہ (نائنٹی ٹو نیوز) اوکاڑہ میں قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی سے شہرت پانے والے ایس ایچ او نے اپنے خلاف آواز اٹھانے والوں کو قتل کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ مہراسماعیل کا کہنا ہے کہ وہ جعلی پولیس مقابلے میں بھی مروا سکتے ہیں۔ متاثرہ شہری نے آرپی او ساہیوال کو درخواست دے دی۔ تہرے قتل کے مقدمہ کے مدعی چودھری محمد اسلم نے ایس ایچ او تھانہ راوی ضلع اوکاڑہ مہراسماعیل کے خلاف ایس پی انوسٹی گیشن ساہیوال کو درخواست دے رکھی ہے۔ مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایس ایچ او مہراسماعیل دھمکیاں دے رہا ہے کہ اگر وہ درخواست کی پیروی سے باز نہ آیا تو اس کے خلاف مختلف تھانوں میں جھوٹے مقدمات درج کروا کر اسے پولیس مقابلے میں مروا دیا جائے گا۔ درخواست کے مطابق ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ اس کے اشتہاریوں اور بدمعاشوں کے ساتھ تعلقات ہیں وہ ان کے ذریعے یا پھر مخالف گروپ سے آپ کو مروایا جا سکتا ہے۔ ایس ایچ او کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپ کے لیے بہتر ہے کہ درخواست واپس لے لو یا پھر پیروی چھوڑ دو۔ مدعی چودھری اسلم نے آر پی او ساہیوال سے درخواست کی ہے کہ ایس ایچ او مہراسماعیل کے خلاف کارروائی کی جائے اور اسے تحفظ دیا جائے تاکہ وہ انکوائری میں پیش ہو کر اپنا مؤقف پیش کر سکے۔