Thursday, April 25, 2024

ایس ایچ او ریس کورس راولپنڈی کو شہید کرنیوالا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

ایس ایچ او ریس کورس راولپنڈی کو شہید کرنیوالا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
March 12, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) راولپنڈی پولیس نے ایس ایچ او ریس کورس میاں عمران عباس کو شہید کرنے والے مرکزی ملزم کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کر دیا ۔ ملزم کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی۔

راولپنڈی پولیس نے ایس ایچ او ریس کورس میاں عمران عباس کو شہید کرنے والے مرکزی ملزم کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے، پولیس کے مطابق ملزمان نے تھانہ سول لائن کی حدود میں پولیس ناکے پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں ایک موٹر سائیکل سوار ملزم ہلاک ہوا، جس کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی۔ مقتول ملزم کا ساتھی چوہدری زاہد تھانہ کلر سیداں کا اشتہاری ہے۔

پولیس کا موقف ہے کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گاڑیاں رینٹ پر لیں اور خیانت کرتے ہوۓ گاڑیاں مالک کو واپس نہ کیں، عمران عباس شہید نے گاڑیاں قبضہ پولیس میں لے کر تھانہ کلر سیداں کے حوالے کیں جس کا ملزم کو رنج تھا۔

 ملزم شاہد، چوہدری زاہد اور اسکے ساتھیوں نے پلاننگ کر کے انسپکٹر میاں محمد عمران عباس پر فائرنگ کر کے انہیں شہید کر دیا، سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس کہتے ہیں سنگین مقدمہ میں ملوث دیگر ملزمان کو ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دوسری جانب راولپنڈی کے علاقے ڈھوک حسو کے قریب ٹریفک وارڈن ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہو گیا، تھانہ رتہ امرال میں قتل اور دہشتگردی ایکٹ کی دفعات کے تحت درج ایف آئی آر کے مطابق، دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ٹریفک وارڈن نوید کو گولی ماری۔

ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے، ٹریفک وارڈن کو شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو منتقل کیا جا رہا تھا اس دوران شہید ہو گیا۔