Friday, April 26, 2024

ایس ایس پی سکھر عرفان سموں وکیل کے اغواء، قتل کرنے میں ملوث نکلا

ایس ایس پی سکھر عرفان سموں وکیل کے اغواء، قتل کرنے میں ملوث نکلا
December 20, 2020

کراچی (92 نیوز) سندھ پولیس پھر بے نقاب ہوگئی، ایس ایس پی سکھر عرفان سموں ایک وکیل کے اغواء، غیرقانونی حراست میں رکھنے اور قتل کرنے میں ملوث نکلا۔ انکوائری رپورٹ میں ایس ایس پی کیخلاف سخت ترین کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

فیصل آباد کے وکیل کے اغواء اور قتل کا معاملہ، سندھ پولیس کا سینئر افسر کی کالی بھیڑ ثابت ہوا۔ انکوائری رپورٹ میں ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کو اغواء اور قتل میں براہ راست ملوث قراردیا گیا۔ ڈی آئی جی نعیم شیخ نے انکوائری رپورٹ آئی جی سندھ مشتاق مہر کو پیش کردی۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وکیل کو نجی حراستی مرکز میں قتل کیا گیا ۔۔ جبکہ ایس ایس پی عرفان سموں نے جائیداد کے تنازع پر اختیارات کا
ناجائز استعمال کیا۔ جس پر ایس ایس پی کیخلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

وکیل کا اپنی سوتیلی ماں سے جائیداد کا تنازع تھا جس کے بعد وہ سکھر منقتل ہوگیا تھا۔ پولیس وکیل پر دباؤ ڈالنے کیلئے زیورات چوری کا جھوٹا
مقدمہ بھی درج کروایا تھا۔

انکوائری رپورٹ کے بعد پیپلزپارٹی کی اہم شخصیت اور پولیس افسر متحرک ہوگئے، اور جرگے کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ متحرک پولیس افسر وزیراعلی سندھ کے قریبی سمجھے
جاتے ہیں۔