Friday, March 29, 2024

ایس ایس پی خیرپور کے تبادلہ کیخلاف شہری سڑکوں پر، ٹائر نذرآتش، اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل

ایس ایس پی خیرپور کے تبادلہ کیخلاف شہری سڑکوں پر، ٹائر نذرآتش، اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل
June 24, 2015
خیرپور (نائنٹی ٹو نیوز) ایس ایس پی خیرپور کے تبادلہ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ قومی شاہراہ پر ٹائر نذر آتش کر کے سندھ، پنجاب، بلوچستان شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی۔ سولہ ایس ایچ اوز نے احتجاج کرتے ہوئے تھانوں کے چارج چھوڑ دئے۔ ایس ایس پی خیرپور ناصر آفتاب کے تبادلے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ قومی شاہراہ ٹھیری، ببرلو پائی پاس سمیت مختلف شاہراہوں پر ٹائر نذرآتش کر کے احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے سندھ، پنجاب اور بلوچستان آنے اور جانے والی ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی جس کے باعث شاہراہوں کے دونوں اطراف گاڑیوں کی کئی کلومیٹر لمبی قطاریں لگ گئی٘ں۔ سخت گرمی میں مسافروں اور خاص طور پر خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس پی ناصر آفتاب کا تبادلہ رکنے تک احتجاج  کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ شہر کو امن کا گہوارہ بنانے والے ایس ایس پی کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔ کچھ مظاہرین کا کہنا تھا کہ خیرپور ضلع کو ایک سازش کے تحت دوبارہ جرائم پیشہ افراد کے حوالے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب تبادلہ کی اطلاع ملتے ہی خیرپور ضلع کے سولہ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے احتجاجا چارج چھوڑ دیا۔