Saturday, May 18, 2024

ایس ایس پی اسلام آباد تشدد کیس، عمران خان عدالت پیش ہو گئے

ایس ایس پی اسلام آباد تشدد کیس، عمران خان عدالت پیش ہو گئے
November 14, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں عمران خان عدالت میں پیش ہو گئے ۔عدالت نے عمران خان کی ضمانت منظور کر لی ۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرلی ۔
دھرنے کے دوران پی ٹی وی اور ریڈ زون کی طرف بڑھنے والوں کو روکتے ہوئے زخمی ہونے والے سابق ایس ایس عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہوئی ۔ سربراہ تحریک اتصاف عمران خان عدالت میں پیش ہوئےجس پر عمران خان کی 4 مقدمات میں دو، دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی گئی ۔ اس سے قبل عمران خان کے بجائے ان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے لیکن عدالت نے ملزم کے خود پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا ۔
سماعت کے بعد عمران خان نے حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بولے اسحاق ڈار کا نام جس دن نیب میں آیا تھا انہیں اسی روز مستعفی ہو جانا چاہئے تھا ۔
اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی اور عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور انکے بیٹوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور فوری طور پر ان مفروروں کو پاکستان واپس لایا جائے ۔
بابر اعوان نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ غلط تاثر دیا جا رہا تھا کہ عمران خان عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے جبکہ وہ جہاں بھی قانونی تقاضا ہوگا ضرور عدالت پیش ہوں گے ۔