Sunday, September 8, 2024

ایس ای سی پی نے 23بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخی کا عمل شروع کر دیا

ایس ای سی پی نے 23بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخی کا عمل شروع کر دیا
August 8, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ایس ای سی پی نے 23 بین الاقوامی این جی اوزکی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ این جی اوز کے خلاف کارروائی کی سفارشات وزارت داخلہ اوراقتصادی امور ڈویژن کو بھجوا دی گئیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے تمام مقامی اور غیرملکی این جی اوز کے اکاونٹ اور کارکردگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر تے ہوئے 23 انٹر نیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ این جی اوز متعددنوٹس جاری کرنے کے باوجود اپنے آڈٹ شدہ اکاو¿نٹ جمع کروانے میں ناکام رہیں جس پر ان این جی اوز کوغیر فعال تصور کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن منسوخ کی جا رہی ہے۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ اس وقت 33 بین الاقوامی این جی اوز ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ قانون کے مطابق ضروری دستاویزات اور سالانہ گوشوارے جمع نہ کروانے والی این جی اوز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے۔ ان این جی اوز کی فہرست قانونی کارروائی کےلئے اکنامک افئیرز ڈویژن اور وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ فہرست میں سیو دی چلڈرن جاپان ، وارچائلڈ ، ورلڈ ایجوکیشن، کو آپریٹو ہاوسنگ فاونڈیشن، ایچ ایم ڈی ، دی برٹش کونسل، انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ، ہیومن کنسرن ، پیناکل ایجوکیشن سروس اور اوورسیز ڈویلپمنٹ کوآپریشن سمیت دیگر این جی اوز شامل ہیں۔ برٹش کونسل نے ایک وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کونسل کا قیام ایک ایم او یو کے تحت عمل میں آیا۔ برٹش کونسل ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں نہیں آتی۔