Sunday, September 8, 2024

ایس ای سی پی نے 23انٹرنیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کردی

ایس ای سی پی نے 23انٹرنیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کردی
August 7, 2015
اسلام آباد(92نیوز)ایس ای سی پی نے  23 بین الاقوامی این جی اوزکی رجسٹریشن منسوخ کردی  این جی اوز کے خلاف کارروائی کی سفارشات وزارت داخلہ اور اقتصادی امور ڈویژن کو بھجوا دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے تمام مقامی اور غیر ملکی فلاحی تنظیموں اور این جی اوز کے اکاؤنٹ اور کارکردگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر تے ہوئے 23 انٹر نیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ یہ این جی اوز معتددنوٹس جاری کرنے کے باوجود اپنے آڈٹ شدہ اکاؤنٹ جمع کروانے میں ناکام رہیں ہیں لہذا ان این جی اوز کو غیر فعال تصور کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن منسوخ کی جا رہی ہے۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ اس وقت 33 بین الاقوامی این جی اوز ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں ۔ قانون کے مطابق ضروری دستاویزات اور سالانہ گوشوارے جمع نہ کروانے والی این جی اوز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گے۔ بار ہا نوٹس جاری کرنے کے باوجود تئیس این جی اوز نے جاری کی گئی ہدایات کی تعمیل نہیں کی جس پر ان عالمی این جی اوز کی خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ ان این جی اوز کی فہرست ممکنہ قانونی کارروائی کے لئے اکنامک افئیرز ڈویژن اور وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ فہرست میں سیو دی چلڈرن جاپان ، وار چائلڈ ، ورلڈ ایجوکیشن، کو آپریٹو ہاوسنگ فاونڈیشن، ایچ ایم ڈی ، دی برٹش کونسل، انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور ہیومن کنسرن ، پیناکل ایجوکیشن سروس اور اوور سیز ڈویلپمنٹ کو آپریشن شامل ہیں۔