Friday, April 26, 2024

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک دکان نہیں پوری مارکیٹ سیل ہوگی، راجہ بشارت

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک دکان نہیں پوری مارکیٹ سیل ہوگی، راجہ بشارت
May 17, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب کے بازاروں کیلئے نیا حکم نامہ آگیا، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک دکان نہیں پوری مارکیٹ سیل ہوگی۔ وزیرقانون راجہ بشارت کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں جمعۃ الوداع اور عیدکی نماز کے اجتماعات کے لیے ایس اوپیز جاری کرنے کا فیصلہ ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ کل سے کھلنے والے شاپنگ مالز اور بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ  کیلئے ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے بھی ایس او پیز جاری کئے جائیں گے۔ بازاروں میں تاجر تنظیموں کی مدد سے ایس اوپیز پر عملدرآمد کرایا جائے گا، خلاف ورزی پر دکان دار کے خلاف انفرادی کارروائی کی بجائے پوری مارکیٹ کو سیل کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے جمعتہ الوداع اور عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنائے جانے کا حکم صادر کیا۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہفتے میں چار دن کاروبار کی اجازت ہے، تین دن مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔ ٹائیگر فورس کار آمد ہیومن ریسورس ہے، اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ کابینہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق برآمدات کی حامل انڈسٹری سے منسلک کاروبار، آٹو موبائل انڈسٹری، پاور لومزکو کھولا جائے گا، مانیٹرنگ ٹیمیں انڈسٹریل یونٹس، فیکٹریوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کا معائنہ کریں گی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس شعیب دستگیر، ، سیکرٹری انڈسٹریز، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ محکمہ صحت کے سیکرٹریز،  ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔