Thursday, April 25, 2024

جواد ظریف نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں پاکستان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے

جواد ظریف نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں پاکستان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے
January 9, 2019
 نیو دہلی (92 نیوز) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں پاکستان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔ بھارتی ٹی وی اینکر نے بار بار پاکستان کے خلاف سوال کئے لیکن ایرانی وزیر خارجہ مثبت ردعمل دیتے ہوئے خطے کے امن کے لئے پاکستانی کردار کو سراہتے رہے۔ بھارت یاترا پر آئے ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے مقدمے کو خوب لڑا اور بھارتی اینکر کے پاکستان مخالف سوالات پر پاکستان کے موقف کی نہ صرف حمایت کی بلکہ پاکستان کے کردار کو مثالی قرار دے دیا۔ اینکر نے جواد ظریف سے باربار پاکستان کے خلاف سوال کئے اور کوشش کی کہ ایران پاکستان کے حوالے سے بھارتی موقف کی حمایت کرے لیکن ہر بار اینکر ناکام رہی۔ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لئے پاکستان مثبت کردار ادا کررہاہے۔ ایران پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے اور ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔ طالبان کے کردار پر بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  طالبان کے بغیر افغانستان میں نہ تو امن قائم ہوسکتا ہے اور نہ ہی کوئی حکومت بن سکتی ہے۔ بھارتی اینکر نے پاکستان میں انتہا پسند گروپس پر بات کرتے ہوئے پھر ایرانی وزیر خارجہ کو بھارتی غیر منطقی موقف پر لانے کی کوشش کی لیکن پھر اسے منہ کی کھانی پڑی۔ امریکہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جواد ظریف کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکہ نے امن و استحکام کے لئے کبھی کام نہیں کیا بلکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی بڑھانے میں ہمیشہ کردار ادا کیا ہے۔