Friday, April 19, 2024

ایرانی صدرکاامریکہ پر خطے میں عدم استحکام پھیلانے کا الزام

ایرانی صدرکاامریکہ پر خطے میں عدم استحکام پھیلانے کا الزام
September 23, 2018
تہران ( 92 نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکہ پرخطے میں عدم استحکام پھیلانے کا الزام عائد کردیا ، ایرانی صدرحسن روحانی نے کہا کہ امریکہ خطے میں دادا گیری بند کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے اجلاس کے لیے روانہ ہونے سے قبل یہ بھی کہا کہ امریکہ چھوٹے کٹھ پتلی ملکوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے ایران میں فوجی پریڈ پر حملے کے ایک دن بعد کہا ہے کہ یہ واضح ہے کہ یہ کام کس گروہ نے کیا اور وہ کس سے وابستہ ہے۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ روز کے حملے کا قانون اور ملکی مفاد کے مطابق جواب دیا جائے گا۔ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہونے سے قبل تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے روحانی نے امریکہ پر ’’دادا گیری‘‘ کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ وہ ایران میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ روحانی نے کہا کہ خلیج ملک امریکی پشت پناہی سے ایران مخالف عرب گروہوں کو عسکری اور مالی امداد دے رہے ہیں۔امریکہ خطے میں چھوٹے کٹھ پتلی ملکوں کی پشت پناہی کر رہا ہے اور انھیں ضروری صلاحیتوں سے لیس کر رہا ہے۔