Sunday, September 8, 2024

ایرانی صدر کی اقتصادی و مالیاتی پابندیاں ختم ہونے پر قوم کو مبارکباد

ایرانی صدر کی اقتصادی و مالیاتی پابندیاں ختم ہونے پر قوم کو مبارکباد
January 17, 2016
تہران (ویب ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے پابندیاں ختم ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اقتصادی و مالیاتی پابندیاں ختم ہونے پر ایران کو عالمی سطح پر اربوں ڈالر کے اثاثے مل جائیں گے۔ عالمی منڈی میں تیل فروخت کرنے کی اجازت بھی مل گئی جبکہ برآمدات چند ہفتوں میں پانچ لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے ایٹمی معاہدے کے نافذ العمل ہونے اور ایران پر عائد پابندیاں ختم ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ ایٹمی معاہدے کے نافذ العمل ہونے پر حسن روحانی نے اپنے ٹویٹ پیغام میں ایرانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس نعمت پر اللہ کے شکر گزار ہیں اور بیمار ایرانی قوم کے سامنے سرخمیدہ ہیں اور قوم کو اس شاندار فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ دوسری طرف تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ معاہدہ نافذ العمل ہونے کے باوجود حسن روحانی کیلئے فائدہ اٹھانا مشکل ہو گا اور ان کی کامیابی پائیدار ثابت نہیں ہو سکے گی کیونکہ ان کی صدارت کے ڈھائی سال تو معاہدہ کرنے میں لگ گئے۔ اب وہ ملک میں اپنی حیثیت کو مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ ایرانی عوام ٹھوس اقتصادی بہتری کے خواہاں ہیں اور ایسا تبھی ہو سکتا ہے جب حسن روحانی کے اتحادی اصلاح پسند رہنما چھبیس فروری کو انتخابات میں رجعت پسندوں کو شکست دیں اور وہ ان کی مدد سے سیاسی و سماجی اصلاحات کر سکیں۔ دوسری طرف معاہدے پر امریکی انتخابات کی تلوار بھی لٹک رہی ہے کیونکہ اگر ری پبلکن صدر منتخب ہو گیا تو معاہدہ اپنی اہمیت کھو سکتا ہے۔