Friday, May 17, 2024

ایرانی صدر حسن روحانی کا سات جولائی سے مرضی کے مطابق یورینیم کی افزودگی کرنے کا اعلان

ایرانی صدر حسن روحانی کا سات جولائی سے مرضی کے مطابق یورینیم کی افزودگی کرنے کا اعلان
July 4, 2019
تہران (92 نیوز) ایران اور امریکا میں لفظی گولہ باری جاری ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے سات جولائی سے مرضی کے مطابق یورینیم کی افزودگی کرنے کا اعلان کردیا۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق صدرحسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر جوہری سمجھوتے پر دستخط کرنے والے باقی ممالک اپنے وعدوں کو پورا نہیں کرتے ہیں تو پھر آراک میں واقع جوہری ری ایکٹرمیں سات جولائی کے بعد سابقہ سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران جوہری ڈیل کے تحت اپنے تقاضوں کی جانب صرف ایک گھنٹے میں لوٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا یورپ اور امریکا کو مشورہ ہے کہ وہ دلیل ومنطق کے ساتھ مذاکرات کی میز کی جانب لوٹ آئیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کا احترام کریں۔ ایران کی وارننگ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت ردعمل دیا ہے ۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تہران حکومت پر واضح کیا کہ وہ دھمکیاں دینے سے گریز کریں ۔ ورنہ یہی دھمکیاں اُسے اتنا ہی نقصان پہنچائیں گی جتنا پہلے کسی کو نہیں پہنچا۔