Friday, April 26, 2024

ایران کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں ، عمران خان

ایران کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں ، عمران خان
August 31, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔ عمران خان نے کہا ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق  ملاقات کے دوران جواد ظریف  نے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ایرانی صدر کا ایشیائی کو آپریشن ڈائیلاگ کے حوالے سے پیغام وزیراعظم کو دیا۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان موقف کی حمایت کرنے پر ایرانی سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک دیرینہ ثقافتی اور تاریخی تعلقات کے حامل ہیں اور موجودہ حکومت انکو مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہے، جبکہ دونوں ممالک خطے کی ترقی اور خوشحالی کےلئے بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کو روکنے کے حوالے سے پاکستان  کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کے خلاف مسلم امہ کو مشترکہ موقف اپنانا ہو گا۔ دوسری طرف جاپانی وزیر مملکت برائے خارجہ کی بھی وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور تجارت کیلئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوا۔ جاپانی وزیر  مملکت برائے خارجہ کا پاکستان میں  تعلیم ، صحت، سوشل سیکڑ اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان بھی سامنے آیا اور پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کا جی ایچ کیو کا دورہ بھی ہوا۔  آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنجیدہ کاوشیں کر رہا ہے۔